لاہور: (دنیا نیوز) شیخ رشید نے کہا ہے کہ نواز شریف سمیت دیگر لوگ ایٹمی دھماکوں کے مخالف تھے، راجہ ظفر الحق، گوہر ایوب اور میں نے دھماکے کئے، اگلے 90 دن سیاست کیلئے بہت اہم ہیں، وزیراعظم آٹا چینی چوروں کو نہیں چھوڑیں گے۔
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ملک کو زرداریوں، گیلانیوں اور شریفوں نے لوٹا، پاکستان کا خون چوسنے والوں کو معاف نہیں کریں گے، آج بھی یقین رکھتا ہوں کہ کرپٹ عناصر کو معاف نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کورونا کے بعد دنیا میں بہت زیادہ کشیدگی کے امکانات ہیں، پاکستان کی فوج نے بھارت کے 2 ڈرون گرائے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا مزید 5 ٹرینیں چلانے کافیصلہ کیا گیا ہے، وزیراعلیٰ سے درخواست کی ہے لاہور کو 3 کے بجائے 2 روز بند کیا جائے، 10 روز میں ایس او پیز کے تحت مسافر بٹھانے پر 5 کروڑ کا نقصان ہوا۔ انہوں نے کہا کورونا ملک میں زور پکڑ رہا ہے، ٹڈی دل کے وار بھی جاری ہیں، ہم نے کورونا کے ساتھ چلنا ہے۔