اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا ہے کہ دکاندار ‘’نو ماسک نو سروس’’ پالیسی پر عمل کریں، اگر کوئی ماسک نہیں پہنتا تو اسے کوئی چیز فروخت نہ کی جائے۔
وفاقی وزیر اسد عمر کے زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا اجلاس ہوا جس میں داخلہ، فوڈ سیکیورٹی اور معاشی امور کے وزرا جبکہ معاونین خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا اور ڈاکٹر معید یوسف بھی موجود تھے۔
اجلاس میں قومی رابطہ کمیٹی کے پیر کو ہونے والے اجلاس کے لیے تجاویز اور سفارشات مرتب کی گئیں۔ وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا تھا کہ تاجر تنظمیں کاروبار کے لیے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں اور ‘’نو ماسک نو سروس’’ کی پالیسی پر عمل کیا جائے، یعنی جو گاہک ماسک نہ پہنے اسے اشیا فروخت نہ کی جائیں۔
اجلاس میں بیڈز اور دیگر سہولیات کی دستیابی کے حوالے سے تازہ ترین اعدادوشمار فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ملک بھر میں ریسورس مینجمنٹ سسٹم کا اطلاق بھی پیر سے کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ وزارت صحت میڈیکل کے فائنل ائیر طلبہ، ینگ ڈاکٹروں اور ہاؤس جاب ڈاکٹرز کو متحرک کر رہی ہے۔ اجلاس میں صوبوں میں کمیونٹی موبلائزیشن اور 15 جون تک کال سینٹرز کے قیام پر زور دیا گیا۔