اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد میں فیس ماسک نہ لگانے پر دفعہ 144 نافذ کر دی گئی، عمل نہ کرنے والوں پر جرمانے عائد کئے جائیںگے. اطلاق مساجد، بازار، شاپنگ مالز، پبلک ٹرانسپورٹ، ریل اور ہوائی سفر پر ہوگا۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
ملک میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے سبب اسلام آباد میں فیس ماسک لگانا لازمی قرار، ماسک نہ لگانے پر ضلعی اتنظامیہ کی جانب سے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ فیس ماسک نہ پہننے والوں کے خلاف اسسٹنٹ کمشنر اور مجسٹریٹ کاروائی کے مجاز ہوں گے۔
خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانے عائد کئے جائیں گے، مجسٹریٹ تین ہزار روپے تک جرمانے کر سکیں گے، خلاف ورزی کرنے والے کو دفعہ 188 تعزیرات کے تحت جیل بھی بھیجا جا سکتا ہے۔