پی آئی اے طیارہ حادثہ: تحقیقات کیلئے آنے والی ماہرین کی ٹیم کراچی سے فرانس چلی گئی

Last Updated On 01 June,2020 03:17 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پی آئی اے طیارہ حادثے کی تحقیقات کیلئے آنے والی ماہرین کی ٹیم کراچی سے فرانس چلی گئی۔ 11 رکنی ٹیکنیکل ایڈوائزرز خصوصی پرواز سے روانہ ہوئے، جہاز کے فلائٹ ڈیٹا ریکارڈر اور کاک پٹ وائس ریکارڈر کی ڈی کوڈنگ کل سے فرانس میں شروع ہوگی۔

غیر ملکی ٹیم نے پی آئی اے طیارہ حادثہ کی تحقیقات مکمل کر لیں۔ 5 روز تحقیقات کے بعد ایئر بس ٹیکنیکل ٹیم کراچی سے فرانس روانہ ہوگئی، ایئر بس اے 330 صبح 6 بجے کراچی کے جناح ٹرمینل پر پہنچی، 11 ٹیکنیکل ایڈوائزرز خصوصی پرواز اے آئی بی 1889 سے فرانس کیلئے روانہ ہوئے۔

جہاز کے فلائٹ ڈیٹا ریکارڈر اور کاک پٹ وائس ریکارڈر کی ڈی کوڈنگ کل سے فرانس میں شروع ہوگی۔ آلات کی ڈی کوڈنگ کیلئے پاکستانی تحقیقاتی ٹیم کے دو ارکان بھی فرانس جا رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ایئربس ٹیکنیکل ایڈوائزرز حادثے کی حتمی رپورٹ فرانس میں تیار کریں گے۔ ماہرین کی ٹیم نے جائے وقوعہ سے تمام ضروری شواہد اکھٹے کئے، رن وے کا معائنہ بھی کیا تھا۔

دوسری جانب طیارہ حادثے کا شکار ہونے والی 12 سالہ گھریلو ملازمہ ناہیدہ سول ہسپتال برن سینٹر میں دم توڑ گئی۔ ناہیدہ کا جسم 60 فیصد جل گیا تھا۔ واقعے کے روز ناہیدہ جناح گارڈن کے متاثرہ گھر میں کام کر رہی تھی۔ اب تک 84 میتوں کی شناخت ہوچکی، 9 لاشیں ایدھی جبکہ 4 لاشیں چھیپا سرد خانوں میں موجود ہیں۔

وزیراعلی سندھ نے بتایا ڈی این اے سے 45 لاشوں کی شناخت ہوئی جبکہ 2 سیمپلز میچنگ کیلئے موجود ہیں۔