اسلام آباد: (دنیا نیوز) دفتر خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی نے گلگت بلتستان میں بدھ تہذیب سے متعلق بھارتی الزامات کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت کی جانب سے لگائے گئے الزامات تاریخی حوالوں، بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں کے برعکس ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کو مقبوضہ کشمیر میں ماورائے عدالت قتل پر تشویش ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بچے بھارتی مظالم سے سب سے زیادہ متاثرہ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ وادی میں بھارتی مظالم انتہائی حد کو پہنچ چکے ہیں۔ عالمی برادری کو بھارتی قابض افواج کی بربریت کا نوٹس لینا ہوگا۔ یورپی یونین کے ارکان پارلیمنٹ نے بھی مقبوضہ کشمیر میں مظالم کا معاملہ اٹھایا ہے۔
عائشہ فاروقی نے کہا کہ کشمیری مسلسل 9 ماہ سے فوجی لاک ڈاؤن اور پابندیوں کا سامنا کر رہے ہیں۔ وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے عالمی رہنماؤں کی توجہ مقبوضہ وادی کی صورتحال کی طرف مبذول کرائی ہے۔ بھارت کورونا کی آڑ میں وہاں ظلم کے پہاڑ ڈھا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کو سمجھنا چاہیے کہ وہ گلگت بلتستان میں بدھ مت تہذیب سے متعلق بے بنیاد الزامات لگا کر دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے نہیں ہٹا سکتا۔ مقبوضہ کشمیر تنازع ایک حل طلب مسئلہ ہے جسے یو این قرادادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق فوری حل ہونا چاہیے۔