لاہور: (روزنامہ دنیا) چیئرمین دنیا میڈیا گروپ میاں عامر محمود کی طرف سے ڈاکٹرز کیلئے حفاظتی لباس کا عطیہ دیا گیا۔ ایک ہزار پی پی ای وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کو دی گئیں۔ چیئرمین دنیا میڈیا گروپ کی طرف سے ایم ڈی نوید کاشف نے کٹس صوبائی وزیر صحت کے حوالے کیں۔
اس موقع پر صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ میاں عامر محمود اور دنیا میڈیا گروپ کی شکر گزار ہوں، ڈاکٹرز و میڈیکل کمیونٹی کیلئے حفاظتی لباس دینے پر تہہ دل سے شکریہ ادا کرتی ہوں، میاں عامر محمود اس سے پہلے بھی مدد کے کام کرتے رہتے ہیں، پاکستان کے حالات اس وجہ سے اچھے ہیں کہ میاں عامر محمود جیسے لوگ ابھی موجود ہیں، میاں عامر محمود اس جنگ میں ہمارے ساتھ کھڑے ہیں۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا فرنٹ لائن پر کام کرنے والے ڈاکٹرز کو خراج تحسین پیش کرنے پر دنیا میڈیا گروپ کا شکریہ ادا کرتی ہوں اور فرنٹ لائن پر کام کرنے والے ڈاکٹرز کو سلام پیش کرتی ہوں۔