اسلام آباد: (دنیا نیوز) مراد سعید نے کہا ہے کہ سٹیل ملز نجکاری کا فیصلہ مسلم لیگ ن کے دور میں ہوا، تمام ادارے پچھلی حکومتوں کی وجہ سے خسارے میں رہے، 2013 میں 41 اداروں کی نجکاری کی باتیں کی گئیں، 2008 میں منافع میں چلنے والی سٹیل مل خسارے میں گئی، واقعی ایک زرداری سب اداروں پر بھاری ثابت ہوئے۔
وزیر مواصلات مراد سعید نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا 62 ارب تک پاکستان پوسٹ کا خسارہ تھا، ہم نے 70 فیصد ریوینیو بڑھایا، ہماری سیاست، نظریہ اور سوچ الگ ہوسکتی ہے مگرجب اداروں کی بات آئے تو ایک ہو جانا چاہیے، گزشتہ دور میں پاکستان میں جس طرح معاہدے ہوئے کسی کوعلم نہیں ہوتا تھا، عمران خان اور قوم اس پاکستان میں کورونا کا مقابلہ کر رہے ہیں جو قرضوں کی دلدل میں پھنسا ہوا تھا۔
مراد سعید کا کہنا تھا ہم نے ایمرجنسی بنیادوں پر تمام صوبوں اور ہسپتالوں کو حفاظی کٹس فراہم کیں، ملک کی موجودہ معاشی صورتحال میں ساڑھے 1200 ارب کا ریلیف پیکج دیا، بیرون ملک سے آنیوالے پاکستانیوں کیلئے اپوزیشن کی طرف سے کہا گیا کہ مرض آ رہا ہے، وہ مرض نہیں ہمارے پاکستانی ہیں، اپوزیشن کی بیرون ملک پاکستانیوں کے حوالے بیان کی پر زور مذمت کرتا ہوں، ایک سابق وزیراعظم نے بیان دیا کہ اجلاس بلالیں اگر کسی کو کچھ ہوا میں ذمہ دار ہونگا، آج وہ خود کورونا سے متاثر ہیں۔