راولپنڈی: (دنیا نیوز) وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید احمد کو کورونا ہسپتال منتقل کر دیا گیا، ترجمان کے مطابق وفاقی وزیر کی حالت بہتر ہے، ڈاکٹروں کے کہنے پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔
کورونا مرض میں مبتلا وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کو سی ایم ایچ راولپنڈی منتقل کر دیا گیا، قبل ازیں کورونا میں مبتلا ہونے کے سبب انہیں قرنطینہ کر دیا گیا تھا۔
وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے 2 روز قبل شیخ رشید کو ٹیلی فون کر کے ان کی خیریت دریافت کی تھی۔ وزیراعظم عمران خان نے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر تشویش کا اظہار کیا اور شیخ رشید کو اپنی صحت کا خیال رکھنے کی تاکید کرتے ہوئے جلد وفاقی کابینہ اجلاس میں ان کی شرکت کی امید کا اظہار کیا تھا۔ آرمی چیف نے شیخ رشید کی صحت یابی کیلئے دعا کی اور پاک آرمی کی میڈیکل سہولیات سے استفادے کی پیشکش کی تھی۔