'ملک میں ٹیسٹنگ سامان کی کوئی کمی نہیں، صوبے ٹیسٹوں کی استعداد کو بڑھائیں'

Last Updated On 16 June,2020 10:51 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا ہے کہ ملک میں ٹیسٹنگ سامان کی کوئی کمی نہیں، صوبے ٹیسٹوں کی استعداد کو بڑھائیں، صوبوں کو اب تک 250 وینٹی لیٹرز تقسیم کر چکے ہیں، حکومت اور عوام کی طرف سے چین کے شکر گزار ہیں۔

چین سے امدادی سامان لے کر طیارہ اسلام آباد پہنچ گیا۔ اس موقع پر چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کا کہنا تھا ڈیڑھ لاکھ پی پی ای چین کی طرف سے ملے ہیں، حکومت اور عوام کی طرف سے چین کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا 107 لیبارٹریاں بنا دی ہیں جسے اگلے ماہ کے وسط تک 150 تک لے جانا چاہتے ہیں، ٹیسٹ 2 یا 3 شفٹوں میں کیے جائیں تو ان کی تعداد بڑھ سکتی ہے، صوبوں سے کہوں گا کہ ٹیسٹوں کی استعداد کو بڑھایا، ٹیسٹوں کیلئے کسی قسم کے سامان کی کمی نہیں، صوبے جتنے بھی ٹیسٹ کرنا چاہیں کریں۔

خیال رہے پاکستان میں کورونا کے متاثرین تیزی سے بڑھنے لگے، ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد ایک لاکھ 48 ہزار 921 تک پہنچ گئی جبکہ ایک دن میں 111 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 2 ہزار 839 ہوگئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 443 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 55 ہزار 878، سندھ میں 55 ہزار 581، خیبر پختونخوا میں 18 ہزار 472، بلوچستان میں 8 ہزار 327، گلگت بلتستان میں ایک ہزار 143، اسلام آباد میں 8 ہزار 857 جبکہ آزاد کشمیر میں 663 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک 9 لاکھ 22 ہزار 665 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 25 ہزار 15 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 56 ہزار 390 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ کئی مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 111 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 2 ہزار 839 ہوگئی۔ پنجاب میں ایک ہزار 81، سندھ میں 853، خیبر پختونخوا میں 707، اسلام آباد میں 83، گلگت بلتستان میں 17، بلوچستان میں 85 اور آزاد کشمیر میں 13 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
 

Advertisement