اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ نے خریداری پر شناختی کارڈ کی شرط پچاس ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ روپے کرنے کی تجویز منظور کرلی۔
چیئرپرسن ایف بی آر نوشین جاوید کا کہنا ہے کہ معیشت کو دستاویزی بنانے کے لیے شناختی کارڈ کی شرط اہم ہے۔ سیلز ٹیکس قوانین کے تحت صنعتی صارفین کو رجسٹر کیا جائے گا۔
تفصیل کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ کا اجلاس چیئرمین فاروق نائیک کے زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ہوا۔ چئیرپرسن ایف بی آر نوشین جاوید کا کہنا تھا کہ رواں مالی سال اب تک 37 سو ارب روپے تک ٹیکس اکٹھا ہو چکا ہے۔ مقامی ٹیکسوں میں 27 فیصد اضافہ ہوا جو کہ 10 سالہ تاریخ میں نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے معیشت کو نقصان پہنچا، ملک میں 3 لاکھ 50 ہزار ریٹیلرز ہیں، جی ڈی پی کا 19 فیصد ریٹیل سیکٹر ہے جو صرف 3 فیصد ٹیکس دیتا ہے۔ ملک میں 32 لاکھ کمرشل صارفین میں سے ساڑھے 3 لاکھ رجسٹرڈ ہیں۔ کل 18 ہزار صنعتی صارفین رجسٹرڈ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سیلز ٹیکس قوانین کے تحت صنعتی صارفین کو رجسٹر کیا جائے گا۔ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں سے صارفین کا ڈیٹا حاصل کیا جائے گا۔