کورونا وائرس: خیبر پختونخوا کے 9 علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ

Last Updated On 18 June,2020 02:22 pm

پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے حالات مزید خراب ہوگئے، 3 دنوں کے دوران 9 علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا، ایبٹ آباد، سوات، نوشہرہ، مردان، چترال اور ملاکنڈ دیگر علاقوں میں بھی لاک ڈائون نافذ ہے، پشاور کے مختلف علاقوں میں احکامات پر مکمل عملدرآمد نہ ہوسکا۔

خیبر پختونخوا میں کورونا کے کیسزکی بڑھتی ہوئی تعداد پیش نظر مختلف اضلاع میں سمارٹ لاک ڈائون کے نفاذ کا سلسلہ جاری ہے، متعلقہ علاقوں کو خار دار تاریں لگا کر تو سیل کر دیا گیا تاہم مکمل طور پر عملدرآمد نہ ہوسکا۔

پشاور میں اشرفیہ کالونی، یونیورسٹی ٹاؤن میں چنا رروڈ، دانش آباد، حیات آباد کے دو فیز، آسیہ اور شنواری ٹاؤن میں سمارٹ لاک ڈائون لگایا گیا ہے، متعلقہ علاقوں میں مین روڈ کو ہر قسم کی آمد ورفت کے لیے بند کیا گیا ہے لیکن عقبی راستوں کو نظر انداز کر دیا گیا ہے۔

سمارٹ لاک ڈاؤن کے حوالے سے جہاں شہریوں نے حکومتی اقدامات کو سراہا تو وہیں متعلقہ علاقوں کے دکانداروں کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران کاروباری مراکز کو کھلا رکھنے کی اجازت دی جائے۔

اپر چترال کی 3 وادیوں، ایبٹ آباد کے 6 علاقوں، نوشہرہ کے 15، مردان کے 5، خیبر کے 3، سوات میں 11 اور بٹگرام کے 7 علاقوں کو بھی سمارٹ لاک ڈاؤن کے تحت سیل کیا گیا ہے۔


 

Advertisement