کراچی: (دنیا نیوز) پنجاب کے مختلف علاقوں کے بعد کراچی میں بھی سمارٹ لاک ڈاؤن کا نفاذ ہو گیا۔ شہر کے چھ اضلاع کی اکتالیس یونین کونسلز کو سیل کر دیا گیا۔ لاک ڈاؤن چودہ روز تک برقرار رہے گا۔
جمعرات کی شام سات بجتے ہی شہر کی حساس اکتالیس یوسیز کو سیل کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا تھا۔ ضلع شرقی کی 17 اور غربی کی 6 یونین کونسلز میں ناکے لگا کر بند کر دیا گیا۔
گلشن اقبال، صفورا گوٹھ اور گلستان جوہر بلاک تیرہ کی یوسیز جبکہ بلتی محلہ، مارٹن کوارٹرز، تین ہٹی، جہانگیر روڈ ایک اور دو نمبر کے علاقے بھی بند کروا دیئے گئے ہیں۔
ضلع کورنگی اور جنوبی کی پانچ، پانچ جبکہ ملیر کی چھ اور ضلع وسطی کی دو یوسیز کو بھی سیل کیا گیا ہے۔ ملیر، جعفرطیار سوسائٹی، جناح سکوائر، شاہ فیصل کالونی، لانڈھی 36 بی اور کورنگی کے مختلف علاقوں
میں کاروباری سرگرمیاں معطل کروا کر مکمل لاک ڈاؤن کا نفاذ کر دیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق 18 جون سے 2 جولائی تک حساس یوسیز میں مکمل لاک ڈاؤن ہوگا۔ ہاٹ سپاٹس کے رہائشیوں کی نقل وحرکت پر سخت پابندی ہوگی۔ گھر کے صرف ایک فرد کو باہر جانے کی اجازت ہوگی۔ کریانہ اور میڈیکل سٹورز متاثرہ علاقوں میں کھلے رہیں گے۔