محکمہ موسمیات نے رواں ماہ کے آخر میں مون سون بارشوں کی نوید سنا دی

Last Updated On 22 June,2020 10:16 am

لاہور: (دنیا نیوز) محکمہ موسمیات نے رواں ماہ کے آخر میں مون سون بارشوں کی نوید سنا دی تاہم اس ہفتے شدید گرمی کے وار سہنا پڑیں گے۔

رواں ہفتے شدید گرمی تاہم رواں ماہ کے اختتام پر مون سون بارشوں کی نوید آ گئی، گزشتہ روز دن بھر چلچلاتی دھوپ اور تمازت کے بعد شام کو تیز ہواؤں سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

باغوں کے شہر لاہور میں کہیں بارش اور کہیں رم جھم ہوئی، رواں ہفتے کے آخرمیں اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، سیالکوٹ، گجرات، گوجرانوالہ، جہلم، ہری پور، ایبٹ آباد، مظفرآباد سمیت ملک کے کچھ بالائی علاقوں اور تھرپارکر میں پری مون سون کی پہلی بارش کا امکان ہے۔

موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق اس ہفتے بھی شدید گرمی کے وار سہنا پڑیں گے، ملک کے تمام میدانی علاقوں میں رواں ہفتے شدید گرمی پڑے گی۔ اس دوران بیشتر علاقوں کا درجہ حرارت 40 سے 45 سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے جبکہ پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں ہیٹ انڈیکس 45 سینٹی گریڈ سے بڑھ جائے گا۔