لاہور: (دنیا نیوز) لاہور، سیالکوٹ سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم سہانا ہوگیا، بادل برسنے کا سلسلہ کل تک جاری رہنے کا امکان ہے، سری نگر اور اننت ناگ میں بھی موسم ابر آلود ہے۔
لاہور کے مختلف علاقوں میں بھی سرمئی بادل چھائے ہیں، بعض مقامات پر بادل خوب برسے، ٹھنڈی ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم مزید سہانا ہوگیا۔ سیالکوٹ میں بھی صبح کے وقت تیز بارش ہوئی جس سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔ پسرو، ڈسکہ، شیخوپورہ، صفدرآباد اور گوجرانوالہ سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بادلوں نے خوب رنگ جمایا جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
موسم کی خبر دینے والوں کا کہنا ہے اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش کا امکان ہے۔ سندھ کے اضلاع میں بھی بعض مقامات پر گرد آلود ہوائیں چلیں گی، کہیں کہیں رم جھم بھی متوقع ہے۔
مقبوضہ کشمیر کے بیشتر علاقوں میں بھی موسم ابر آلود رہے گا۔ سری نگر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26، اننت ناگ، 25، جموں 32 اور لیہ میں 14 رہے گا۔