لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش کے بعد بیشتر علاقوں میں موسم خوشگوار ہوگیا، لاہور میں چلنے والی تیز ہواؤں نے گرمی کا زور توڑ دیا۔
لاہور میں چلنے والی تیز ہواؤں نے موسم کا مزاج بدل کر رکھ دیا۔ آسمان پر ہلکے سرمئی اور سفید بادل چھائے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے گرمی کی تمازت خاصی حد تک کم ہوگئی۔
ننکانہ صاحب میں بارش کے باعث گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ بارش کے بعد گرمی سے مرجھائے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے۔ شیخوپورہ کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ ڈسکہ شہر اور گرد و نواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔
پنڈی بھٹیاں اور گردونواح میں کہیں مینہ نے خوب رنگ جمایا اور کہیں رم جھم ہوئی۔ خانقاہ ڈوگراں شہر سمیت گردونواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
سکھیکی اور گردونواح میں موسلادھار بارش سے گرمی کا زور تو ٹوٹ گیا تاہم تیز بارش سے 300 سے زائد دیہات کو بجلی کی سپلائی معطل ہو گئی۔ منڈی بہاء الدین میں بھی بادل خوب گرجے، چمکے اور برسے، بارش کے بعد موسم قدرے بہتر ہو گیا اور لوگوں نے سکھ کا سانس لیا تاہم سیوریج کے موثر نظام نہ ہونے کی وجہ سے نشیبی آبادیوں میں پانی داخل ہوگیا۔
سانگلہ ہل شہر اور صفدرآباد میں چلنے والی آندھی اور موسلادھار بارش سے گرمی اڑن چھو ہوگئی۔