چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ریاستی اداروں کا مضبوط ہونا ضروری ہے: آرمی چیف

Last Updated On 25 June,2020 10:16 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ اندرونی و بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ریاستی اداروں کا مضبوط ہونا ضروری ہے۔

ان خیالات کا اظہار آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے دورے کے موقع پر کیا۔ یونیورسٹی آمد پر لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

 پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل بابر افتخار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے دورے کے دوران آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے خطے کی سکیورٹی صورتحال پر اظہار خیال کیا۔ 

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے شرکاء سے پاکستان میں مستقل امن پر اپنا ویژن دیا، ملک میں دیر پا امن سے متعلق بات چیت کی اور ملک کو درپیش اندرونی و بیرونی چیلنجزپرتبادلہ خیال کیا گیا۔ 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاک فوج کے سپہ سالار نے نیشنل سکیورٹی اور وار کورس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اندرونی و بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ریاستی اداروں کا مضبوط ہونا ضروری ہے۔ تمام درپیش چیلنجز جامع قومی حکمت عملی کا تقاضا کرتے ہیں۔

جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاک فوج ملک میں امن کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے گی، ملکی معاشی اور سماجی ترقی کے لیے پاک فوج مسلسل کوشاں رہے گی، عوام کی حمایت کیساتھ ملکی دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک کے دفاع اور سکیورٹی کے لیے قومی حمایت کے ساتھ اپنا فرض ادا کرتے رہیں گے۔ ملک میں دیرپا محفوظ ماحول دینے کے لیے پاک فوج ہر ممکن کوشش کرتی رہے گی۔

Advertisement