راولپنڈی: (دنیا نیوز) شیخ رشید ملٹری ہسپتال سے ڈسچارج ہو کر گھر منتقل ہوگئے، واپسی پر وفاقی وزیر نے ہسپتال عملے کا شکریہ ادا کیا، شیخ رشید کورونا کے باعث 11 جون سے زیر علاج تھے۔
خیال رہے وزیر ریلوے شیخ رشید کا کورونا وائرس ٹیسٹ نیگٹیو آیا تھا۔ ان کا کہنا تھا اللہ تعالی نے کرم کیا ہے، عوام کی دعاؤں کی بدولت شفا ملی ہے، وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف کا شکریہ کہ وہ میری صحت کیلئے فکرمند رہے، دعاوں میں یاد رکھنے والے تمام احباب کا شکر گزار ہوں۔
واضح رہے قومی اسمبلی کے 27 میں سے 14 اراکین کورونا وائرس کو شکست دینے میں کامیاب ہوگئے۔ احسن اقبال، عامر ڈوگر، مریم اورنگزیب، شیخ رشید احمد، شاہدہ اختر علی، اسامہ قادری، ظہور حسین قریشی، وجیہہ اکرم، جے پرکاش، ساجد طوری ،طاہرہ اورنگزیب، نزہت پٹھان، شہریار آفریدی اور ڈاکٹر رمیش کمار صحت یاب ہوگئے۔
جو اب تک کورونا سے لڑ رہے ہیں ان میں شہباز شریف، شاہد خاقان عباسی، فرخ حبیب، ایاز صادق، رائے مرتضیٰ، علی راحت امان اللہ ،حاجی امتیاز احمد، امین الحق، جاوید حسنین شاہ، عثمان ترکئی، مولانا انور، ملک نیاز جھکڑ اور عالمگیر خان شامل ہیں۔