آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا شیخ رشید کو ٹیلیفون، خیریت دریافت کی

Last Updated On 26 June,2020 04:54 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کو ٹیلیفون کیا ہے اور ان کی خیریت دریافت کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کورونا کا شکار ہو گئے جس کے بعد انہوں نے خود کو چودہ روز کے لیے قرنطینہ کر لیا تھا۔

اس دوران آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ان کو ٹیلیفون کر کے خیریت دریافت کی تھی اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی تھی۔

یاد رہے کہ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید ملٹری ہسپتال راولپنڈی سے ڈسچارج ہو کر گھر منتقل ہوگئے تھے۔ وزیر ریلوے 11 جون سے ہسپتال میں زیر علاج تھے اور 7 جون کو کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر وہ آئیسولیشن میں چلے گئے تھے۔

وزیر ریلوے کا گزشتہ روز کورونا ٹیسٹ دوبارہ کیا گیا جس کی رپورٹ منفی آنے پر انہیں ملٹری ہسپتال راولپنڈی سے ڈسچارج کردیا گیا اور وہ گھر منتقل ہوگئے ہیں۔ وہ ایک ہفتہ سے زائد عرصہ ہسپتال میں زیر علاج رہے۔

یہ بھی پڑھیں: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا شیخ رشید اور شہباز شریف کو ٹیلیفون، خیریت دریافت کی

ہسپتال سے رخصت ہوتے وقت وزیر ریلوے نے طبی عملے کا شکریہ ادا کیا اور کورونا کے مریضوں کا علاج کرنے اور ان کو حوصلہ دینے پر عملے کی تعریف کی۔

میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے وزیر ریلوے نے کہا کہ میرا 24 کلو وزن کم ہوگیاہے، ڈاکٹرز نے 7 دن آرام کا مشورہ ہے جس پر عمل کر رہا ہوں، میں اب بدلہ ہوا شیخ رشید ہوں۔

کورونا وائرس کو شکست دینے والے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کو آج ایک مرتبہ پھر پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے ٹیلیفون کیا ہے اور ان کی خیریت دریافت کی ہے اور کورونا سے صحت یاب ہونے پر انہیں مبارکباد دی۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے صحت یابی پر مبارکباد دی اور دو ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے، ملٹری ہسپتال کے انتظام بہترین تھے۔ ڈاکٹرز اور سٹاف نے بہت خیال رکھا۔ میری صحت سےمتعلق آپ کی کاوشیں ہمیشہ یادرکھوں گا۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران آج وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کچھ نہیں ہونے جا رہا، عمران خان مدت پوری کریں گے، حزب اختلاف اور حکمرانوں کے درمیان بہتر راستے بننے جا رہے ہیں، اختر مینگل کہیں نہیں جاتا، بہت سارے اختر مینگلوں کو جانتا ہوں۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ ایم ایل ون خواب تھا، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، مشیر خزانہ حفیظ شیخ، مشیر اطلاعات اور چیئر مین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے کامیاب بنایا، ریلوے اپنے پاؤں پر کھڑی ہونے جا رہی ہے۔ 16 سال قبل ایم ایل ون پر دستخط کیے، آج عمران خان کی قیادت میں ایم ایل ون بننے جا رہا ہے، 9 جولائی کو ایکنک میں ایم ایل ون پیش ہوگا۔

شیخ رشید کا کہنا تھا نالہ لئی کیلئے شاید مجھے عثمان بزدار کے پاس جا کر بیٹھنا ہی پڑ جائے، 10 دن چھٹی پر ہوں، آپ لوگوں کا شکریہ ادا کرنے آیا تھا۔ وفاقی وزیر ریلوے نے اپنے محکمے میں ایک لاکھ نوکریوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا ایک لاکھ لوگوں کو نوکریاں میرٹ پر دی جائیں گی۔
 

Advertisement