اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان میں بھارت کے ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے کنٹرول لائن کے ساتھ بھارتی قابض افواج کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا ہے۔
ایک بیان میں دفتر خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی نے بتایا کہ گزشتہ دو روز کے دوران کٹنرول لائن کے کیانی اور Jura سیکٹروں میں بھارتی فوج کی اندھا دھند اور بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں ایک بے گناہ شہری شہید اور پانچ زخمی ہوئے۔
دوسری جانب بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے احتجاجی مراسلہ تھما دیا گیا۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بھارت کی طرف سے 29 اور 30 جون کو ایل او سی پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں کی گئیں۔ بھارتی بلا اشتعال فائرنگ سے ایک شہری شہید اور پانچ زخمی ہوئے۔ بھارت ایل او سی پر سیز فائر معاہدے کی پاسداری کرے۔
واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے رواں سال ایل او سی پر اب تک 1546 مرتبہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں کی گئی ہیں۔ اس دوران 14 افراد شہید جبکہ 114 زخمی ہوئے۔