اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ نے پاکستان سٹاک ایکسچینج پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان عالمی برادری کو بھارتی قیادت کے دھمکی آمیز بیانات سے مسلسل آگاہ کرتا رہا ہے۔ عالمی برادری ہمسایہ ممالک کو غیر مستحکم کرنے کیلئے بھارتی کارروائیوں کا نوٹس لے۔
ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سٹاک ایکسچینج حملے پر بھارتی وزارت خارجہ کا بیان انکار کے علاوہ کچھ نہیں، بھارتی قیادت پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کیلئے ایسے بیانات دیتی رہی ہے۔
عائشہ فاروقی کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا کو انڈٰین وزیراعظم نریندر مودی کے دھمکی آمیز بیانات سے مسلسل آگاہ کرتا رہا ہے۔ بھارتی دعوے پاکستان میں دہشتگرد کارروائیوں کو چھپا نہیں سکتے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پہلے ہی ‘’را’’ کی دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث ہونے کے ثبوت دے چکا ہے۔ بھارتی قیادت پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے دہشت گردی کو آلہ کار کے طور پر استعمال کرنے کے بیانات دیتی رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے سٹاک ایکسچینج پر حملہ ناکام بنایا۔ حملے میں ملوث چاروں دہشت گرد مارے گئے۔ یہ حملہ پاکستان کیخلاف ریاستی دہشتگردی کی ایک اور مثال ہے۔ آج کے بزدلانہ حملے کو بیرونی امداد حاصل تھی۔