چین لداخ میں بھارتی ناجائز قبضے کو کبھی تسلیم نہیں کرے گا، صدر آزاد کشمیر

Last Updated On 01 July,2020 10:00 pm

مظفر آباد: (دنیا نیوز) آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ لداخ تنازع پر چین کا موقف درست ہے، وہ بھارتی ناجائز قبضے کو کبھی تسلیم نہیں کرے گا۔

دنیا نیوز کے پروگرام ‘’دنیا کامران خان کیساتھ’’ میں خطے کی صورتحال پر خصوصی گفتگو کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ 5 اگست کا بھارتی اقدام غیر قانونی تھا۔ بھارت نے غیر قانونی اقدام کے بعد جعلی نقشے جاری کیے۔ نقشے میں لداخ کو بھارت کا حصہ دکھایا گیا۔

سردار مسعود خان کا کہنا تھا کہ لداخ اور کشمیر کا معاملہ متنازع ہے۔ چین لداخ میں بھارتی ناجائز قبضے کو کبھی تسلیم نہیں کرے گا۔ لداخ تنازع پر چین کا موقف درست ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی توسیع پسندی کو لگام دینا بہت ضروری ہے۔ جنگیں مشینں نہیں بلکہ قومیں لڑتی ہیں۔ چینی فوج کی نسبت بھارتی فوج کمزور ہے۔ بھارتی فوج کو متعدد مسائل درپیش ہیں۔

پروگرام کے دوران گفتگو کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر مسعود خان نے کہا کہ چین کے گرد گھیرا تنگ کرنے کی کوشش کی گئی۔ امریکا نے کورونا پھیلاؤ کا ذمہ دار چین کو قرار دیا۔

 

Advertisement