لاہور: (دنیا نیوز) لاہور یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے دیوالیہ ہونے کا معاملہ، گورنر پنجاب نے نوٹس لیتے ہوئے سٹاف کی تنخواہوں میں کٹوتی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیل کے مطابق گورنر ہاؤس میں اس اہم معاملے پر ایک اہم اجلاس ہوا جس میں چودھری محمد سرور کے زیر صدارت اہم فیصلے کئے گئے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب حکومت کے ذمہ یونیورسٹی کے بقایا جات بھی جلد ادا کر دیے جائیں گے۔
گورنر پنجاب نے یونیورسٹی کے معاملے پر چیئرمین ایچ ای سی کی سربراہی میں کمیٹی بھی قائم کر دی ہے۔ کمیٹی میں وائس چانسلر یو ای ٹی، سیکرٹری فنانس اور سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن بھی شامل ہوں گے۔
اجلاس میں سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب چودھری سرور کا کہنا تھا کہ مشکل معاشی حالات کے باوجود یونیورسٹیز کے معاملات کو حل کیا جائیگا۔ یونیورسٹیز کی مضبوطی کیلئے حکومت تمام وسائل استعمال کرے گی۔