لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کی مشہور اداکارہ ماہرہ خان نے ایک مرتبہ پھر بھارت میں کام کرنے کے حوالے سے اپنے تجربے سے آگاہ کر دیا۔
ایک انٹرویو کے دوران فلم و ڈرامہ انڈسٹری کی خوبصورت اداکارہ ماہرہ خان کئی مرتبہ اپنے مداحوں کو بالی ووڈ میں کام کرنے کے حوالے سے آگاہ کرچکی ہیں لیکن آج بھی ماہرہ کے مداح جب بھی ان سے سوال کرتے ہیں تو بھارت میں کام سے حوالے سے لازمی بات کرتے ہیں۔
ڈرامہ سیریل ’ہم سفر‘ سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ ماہرہ خان نے 2017 میں شاہ رخ خان کے ساتھ فلم ’رئیس‘ میں کام کیا تھا، یہ ماہرہ کی اب تک کی پہلی بالی ووڈ فلم ہے، جس میں انہوں نے کنگ خان کی بیوی کا کردار بخوبی ادا کیا تھا۔
ایک سوال کہ آپ کو بھارت میں کام کرکے کیسا لگا کہ جواب میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ شاہ رخ خان میرا کرش تھے (یعنی ماہرہ شاہ رخ کو پسند کرتی تھیں) جب مجھے بالی ووڈ سے شاہ رخ خان کے ساتھ فلم میں کام کرنے کی آفر ہوئی تو مجھے یقین ہی نہیں آیا۔
ماہرہ خان نے مزید کہا کہ مجھے بھارت میں کام کر کےواقعی بہت اچھا لگا، میں نے پہلی مرتبہ شاہ رخ کے ساتھ کام کیا جو کہ میرے لیے اعزاز کی با ت ہے۔ میں ہمیشہ سوچتی تھی کہ اگر میں نے کبھی بھارت میں کام کیا تو شاہ رخ خان کے ساتھ کروں گی اور واقعی اُن کے ساتھ کام کرنا اچھا لگا۔
اداکارہ نے کہنا تھا کہ میں رئیس کی شوٹنگ کے دوران فلم کی دیگر کاسٹ اور ممبران کے ساتھ بھی کافی گھل مل گئی تھی، فلم کو مکمل ہونے میں دو سال لگے اس دوران میں نے اُن تمام لوگوں کے ساتھ ہزاروں یادیں جمع کرلیں۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان نے بھی ماہرہ خان کی تعریف کی تھی، ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا تھا کہ ماہرہ خان بھی میری دوسری ہیروئنوں کی طرح بہت آگے جائیں گی۔
شاہ رخ خان نے مزید کہا تھا کہ ماہرہ ایک ہائی لیول اداکارہ ہیں، بھارت میں اُن کے ڈرامے بہت زیادہ دیکھے جاتے ہیں بلکہ ہماری فلم رئیس میں بھی انہوں نے بہت اچھا کام کیا تھا۔