اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے بھارتی بیانات کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے کشمیریوں پر ہونیوالے مظالم پر پردہ نہیں ڈالا جا سکتا۔
عائشہ فاروقی کا کہنا تھا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا رکھا ہے۔ کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر سب سے طویل حل طلب تنازع ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان الیکشن کے حوالے سے بھارتی بیانات کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر پردہ پوشی نہیں کر سکتے۔ سوپور میں بھارتی قابض فورسز نے تین سالہ نواسے کے سامنے نہتے شہری کو قتل کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ تمام مقبوضہ علاقوں کو خالی کرے۔ پانچ اگست دو ہزار انیس کے بعد سے لاگو کردہ تمام سخت قوانین کو کالعدم قرار دے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مطالبہ کیا کہ بھارت انسانی حقوق کی تنظیموں، غیر جانبدار مبصرین اور عالمی میڈیا کو مقبوضہ علاقے کا دورہ کروائے اور کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اپنا حق خود ارادیت استعمال کرنے دے۔