کولون: (دنیا نیوز) یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے پاکستانی کپتانوں کے جعلی لائنس کے معاملے پر بڑا فیصلہ کرتے ہوئے رکن ممالک کو پاکستانی پائلٹوں کو کام کرنے سے روکنے کا حکم دے دیا ہے۔
یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی (ایاسا) نے اپنے رکن ممالک سے پاکستانی کپتانوں کی تفصیلات طلب کر لی ہے۔ ایاسا کی جانب سے رکن ممالک کو بھیجے گئے خط کی کاپی دنیا نیوز نے حاصل کر لی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سی اے اے کی جانب سے چالیس فیصد لائسنسوں کے اجرا میں بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ ہوا بازی کی صنعت میں اس قسم کی صورتحال ہمارے لیے باعث تشویش امر ہے۔ لائسنس سے متعلق جعلی اور بین الاقوامی اصولوں کے قواعد وضوابط کے برخلاف شکایتیں ملی ہیں۔
ایاسا کی جانب سے خط میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی جانب سے جاری لائسنسوں پر کام کرنے والے پائلٹوں کو معطل کر دیں۔ اگر کوئی پاکستانی لائسنس یافتہ کام کر رہا ہے تو رکن ممالک کی آرگنائزیشن اس سے آگاہ کریں۔