اسلام آباد: (دنیا نیوز) عالمی ادارے آکسفیم نے کہا ہے کہ کورونا کے دوران وباء سے زیادہ لوگوں کے بھوک سے مرنے کا خدشہ ہے، ادارے کے اس موقف نے وزیراعظم عمران خان کے لاک ڈاون نہ کرنے کے موقف کو بھی درست ثابت کر دیا۔
وزیراعظم عمران خان نے 17 مارچ کو ہی قوم سے اپنے خطاب میں واضح کیا تھا اگر کورونا کے باعث پاکستان میں مکمل لاک ڈاون کیا جاتا ہے تو کورونا سے زیادہ لوگ بھوک سے مر جائیں گے۔
عمران خان کے اس موقف کو اس وقت اپوزیشن جماعتوں نے سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور لاک ڈاون ناگزیز قرار دیا لیکن اب عالمی ادارے کی تحقیق نے وزیر اعظم پاکستان کے موقف کو درست ثابت کر دیا۔ وزیراعظم پاکستان کے بروقت اقدامات کے باعث پاکستان ہنگر ہاٹ سپاٹ ممالک کی فہرست میں شامل نہیں۔
دوسری جانب عالمی ادارے کی ریسرچ پر معاون خصوصی زلفی بخاری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے پہلے دن ہی کہہ دیا تھا کہ لوگوں کو وباء کے ساتھ بھوک سے بھی بچانا ہے، مکمل لاک ڈاون پاکستان کے غریب لوگوں کے لیے سود مند نہیں ہوگا۔ وزیر اعظم پاکستان کے موقف کا اب عالمی ادارے بھی اعتراف کر رہے ہیں، وزیراعظم پاکستان نے عوام کو کورونا کیساتھ بھوک کے بحران سے بچا لیا۔