کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں آج سے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا اعلان کر دیا گیا، کے الیکٹرک کیلئے فرنس آئل اور گیس کی سپلائی میں اضافہ کیا گیا ہے، اس کے باوجود حالات نہ بدلنے پر کے الیکٹرک کو تحویل میں لینے کا عندیہ بھی دیا گیا ہے۔
کراچی میں کے الیکٹرک کی لوڈشیڈنگ نے عوام کو رلانے پر مجبور کردیا۔ شہر بھر میں 8 سے 12 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ گرمی کے ستائے شہری اس وقت دہرے عذاب میں مبتلا ہیں۔ نہ دن کو بجلی آتی ہے نہ رات کو،علاقہ مکین بچوں کو لے کر گلیوں میں بستر لگا رہے ہیں۔
سندھ کے وزیر توانائی امتیاز شیخ نے کہا ہے کہ وفاقی وزرا نے "کے الیکٹرک "کو بچانے کی ناکام کوشش کی۔ کراچی میں لوڈشیڈنگ سے متعلق اسد عمر کے اعلان سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ بتایا جائے اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کتنا ہوگا۔