قومی اسمبلی: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی خونریزی بند کرانے کی متفقہ قرارداد منظور

Last Updated On 13 July,2020 09:23 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی نے آج کشمیریوں پر بھارتی تسلط کی مذمت میں پیش کی گئی قرارداد کی متفقہ منظوری دی۔ قراردار پارلیمانی امور کے وزیر مملکت علی محمد خان نے یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر پیش کی۔

قرارداد میں کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھنے کا عزم بھی ظاہر کیا گیا۔ ایوان نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے مظالم اور خون ریزی کو روکنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

ایوان نے متفقہ طور پر ایک اور قرارداد کی منظوری بھی دی جس میں حکومت کو اعلیٰ تعلیمی کمیشن کے وفاقی حکومت سے الحاق شدہ تعلیمی اداروں اور یونیورسٹیوں میں ترجمے کے ساتھ قرآنی تعلیم کے اقدام کرنے کی ہدایت کی گئی۔

قرارداد پارلیمانی امور کے وزیر مملکت علی محمد خان نے پیش کی ۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے طلبہ قرآنی تعلیمات بہتر انداز میں سمجھنے کے قابل ہوں گے۔