لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ آج پنجاب میں ٹوٹل 487 لوگوں کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ ہم ورلڈ ہیلتھ آرگائزیشن کے رولز کے مطابق ٹیسٹ کر رہے ہیں۔
دنیا نیوز کے پروگرام ‘’نقطہ نظر’’ میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ اس میں مقابلے والی بات نہیں، صوبہ پنجاب میں کیسز کی تعداد کم ہو گئی ہے۔ ہم رینڈم سمپلنگ بھی بہت زیادہ کر رہے ہیں۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایکسپو سینٹر میں کرایہ کے حوالے سے غلط خبریں پھیلائی گئیں۔ ہم صرف بجلی اور گیس کا ایک کروڑ 51 لاکھ بل دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ایکسپو سینٹر میں بیک اپ پلان رکھا ہوا ہے۔ وہاں صرف 1100 مریض داخل ہوئے تھے۔
عید الاضحیٰ کے بارے میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مویشی منڈیوں کے لیے بڑے سخت ایس او پیز بنائے گئے ہیں۔ کوئی بھی شخص مویشی منڈی میں ماسک کے بغیر داخل نہیں ہو سکے گا۔ ہم لوگوں کو کہہ رہے ہیں کہ اجتماعی قربانی پر توجہ دیں۔ اب تک 25 فیصد لوگوں نے اجتماعی قربانی کے لیے اپلائی کیا ہے۔ اجتماعی قربانی سے گند کم اور فائدہ بھی ہوگا۔