بلاول کی رپورٹ کرپشن کی داستان، پیپلز پارٹی کی چارج شیٹ ہم پر تھونپ دی گئی، فیصل واوڈا

Last Updated On 14 July,2020 05:56 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے کے الیکٹر سے متعلق بلاول بھٹو کی رپورٹ کو کرپشن کی داستان قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نااہل ٹیم نے جو بتایا، انہوں نے مان لیا۔

قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی چارج شیٹ ہم پر تھونپ دی گئی۔ خود ایم ڈی لگانے والے بھی ہم سے ہی پوچھ رہے ہیں۔

فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز بلاول بھٹو زرداری نے ایف آئی اے کی رپورٹ دکھائی وہ پیپلز پارٹی کے خلاف چارج شیٹ ہے لیکن اسے ہم پر تھونپنے کی کوشش کی گئی۔ ایم ڈی آپ نے لگایا تو گلہ ہم سے کیوں کر رہے ہیں؟ کہا گیا ابراج گروپ کا مالک عمران خان کا دوست ہے۔ اگر دوست ہمارا تھا تو نواز آپ کیوں رہے تھے؟ بیس سال کا ملبہ ہماری حکومت پر گرا ہوا ہے۔

وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے اپوزیشن کے ساتھ ٹی وی مناظروں کا چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ تین ہمارے اور تین آپ کے اکانومسٹ قوم کوحقائق بتائیں گے۔

وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے بھی اسمبلی اجلاس سے خطاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے بھاشا ڈیم پر کام شروع کیا۔ ان کے ‘ارسطو’ کہتے رہے کہ ہم نے پراجیکٹ کا سوچا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی پاسپورٹ کے وقار کو ہم نے بحال کیا۔ پاکستان کی سٹاک مارکیٹ دنیا کی تیز ترین مارکیٹ بن چکی ہے۔ سٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق تین اعشاریہ دو ارب ڈالر ذخائر میں اضافہ ہوا۔ سابق حکومت کا پانچ ہزار ارب کا قرضہ ہماری حکومت نے واپس کیا۔