سٹاک مارکیٹ: مسلسل 13 ویں کاروباری سیشنز کے دوران بھی تیزی

Last Updated On 14 July,2020 04:25 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہونے کے بعد مسلسل 13 ویں کاروباری سیشنز کے دوران بھی 126.65 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں سرمایہ کاروں کو نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ میں ملنے والی سہولیات، آئی ایم ایف کی طرف سے پاکستانی معیشت کی شرح نمو بحالی اور عالمی اداروں کی طرف سے گزشتہ ایک ماہ کے دوران ملنے والی تین ارب ڈالر سے زائد امداد کے بعد انویسٹرز حصص مارکیٹ میں زبردست دلچسپی لے رہے ہیں۔

رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز کے دوران پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز محتاط انداز میں ہوا، پہلے دو گھنٹوں کے دوران انڈیکس میں 40 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی۔ تاہم اس کے بعد سرمایہ کاروں نے ٹریڈنگ میں بھرپور حصہ لیا۔

ایک موقع پر انڈیکس 36 ہزار 936 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھا، تاہم اس دوران یہ سطح برقرار نہ رہ سکی اور سٹاک ایکسچینج میں مندی نے بی تھوڑی دیر کے لیے ڈیرے ڈالے، اسی دوران انڈیکس 36534.70 پوائنٹس کی نچلی ترین سطح پر بھی ریکارڈ کیا گیا۔

کاروباری روز کے دوران سرمایہ کاروں کی دلچسپی کے بعد سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا اختتام مثبت انداز میں ہوا، جس کے بعد 100 انڈیکس 126.65 پوائنٹس کی تیزی کے بعد 36745.22 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔

کاروبار میں 0.35 فیصد کی بہتری ریکارڈ کی گئی جبکہ 32 کروڑ 32 لاکھ 35 ہزار 102 شیئرز کا لین دین ہوا جس کے بعد سرمایہ کاروں کو تیس ارب روپے سے زائد کا فائدہ ہوا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کاروباری ہفتے کے پہلے روز کے دوران حصص مارکیٹ کے 100 انڈیکس میں 428.17 پوائنٹس کی تیزی دیکھنے کو ملی تھی جسکے بعد انڈیکس 36 ہزار 618.57 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوئی تھی۔