روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر چار پیسے مہنگا

Last Updated On 14 July,2020 04:14 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں رواں ہفتے کے دوسرے روز کے دوران ایک مرتبہ پھر امریکی ڈالر کی قدر میں چار پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس کے سبب عالمی معیشت منفی رجحان کی زد میں ہے، ایسے میں پاکستانی روپے کو مسلسل گراوٹ کا سامنا ہے۔ چند روز قبل چین کی جانب سے پاکستان کو مالی تعاون کے سبب روپے کی قدر بڑھی تھی تاہم اب ایک مرتبہ پھر ڈالر کی قیمت میں اضافہ دکھائی دے رہا ہے۔ 

سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق انٹر بینک میں امریکی ڈالر کی قیمت میں چار پیسے کی تیزی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد روپے کے مقابلے میں امریکی کرنسی کی نئی قیمت 166 روپے 63 پیسے کی سطح سے بڑھ کر 166 روپے 67 پیسے ہو گئی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز امریکی ڈالر کی قیمت میں 28 پیسے کا اضافہ دیکھا گیا تھا، انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت 166 روپے 35 پیسے سے بڑھ کر 166 روپے 63 پیسے ہو گئی تھی۔ تاہم اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قدر 167 روپے پر مستحکم رہی تھی۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران ڈالر 51 پیسے مہنگا ہو گیا تھا، امریکی کرنسی کی نئی قیمت 166.72 روپے کی سطح پر پہنچ گئی تھی۔

دوسرے کاروباری روزکے دوران ڈالر 23 پیسے مہنگا ہو گیا تھا۔ جس کے بعد ڈالر کی نئی قیمت 166 روپے 95 پیسے ہو گئی تھی۔

تیسرے کاروباری روز کے دوران ڈالر 19 پیسے سستا ہوا تھا، روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی نئی قیمت 166.95 روپے سے کم ہو کر 166 روپے 76 پیسے ہو گئی تھی۔

چوتھے کاروباری روز کے دوران امریکی کرنسی 18 پیسے سستی ہو گئی تھی اور 166 روپے 58 پیسے کی سطح پر پہنچ گئی تھی۔

پانچویں کاروباری روز کے دوران ڈالر 23 پیسے سستا ہونے کے بعد 166 روپے 58 پیسے سے گر کر 166 روپے 35 پیسے کی سطح پر پہنچ گیا تھا۔