کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں بارش کے دوسرے سپیل نے انتظامیہ کی کارکردگی کا پول کھول دیا۔ گلشن اقبال کی مرکزی سڑک یونیورسٹی روڈ، سفاری پارک اور نیپا پل کے قریب بارش کا پانی جمع رہا، جس سے لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
کراچی میں ایک بار پھر بادل خوب برسے جس سے رات گئے پانی سڑکوں پر جمع رہا، متاثرہ علاقوں میں گلشن اقبال، یونیورسٹی روڈ، سفاری پارک اور نیپا چورنگی شامل تھے۔ بارش کا پانی جمع ہوتے ہی گٹر بھی ابل پڑے جس سے لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، انتظامیہ میڈیا پر خبریں چلنے کے بعد حرکت میں آئی اور پانی نکالنے کیلئے انتظامات کئے۔
دوسری طرف محکمہ موسمیات نے آج بھی شہر قائد میں دوپہر کے وقت موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا جبکہ ہوا کی رفتار 16 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔ بارش کی پہلی بوند پڑتے ہی کئی علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی۔