پشاور: (دنیا نیوز) کورونا وبا کے باعث خیبرپختونخوا کے سرکاری ہسپتالوں کی او پی ڈیز گزشتہ تین ماہ سے بند، 18 لاکھ کے قریب مریض علاج سے محروم ہیں۔
کورونا وباء کے دوران خیبر پختونخوا کے سرکاری ہسپتالوں کی او پی ڈیز کی بندش سے صوبے کے صرف تین بڑے ہسپتالوں میں 17 لاکھ 85 ہزار سے زائد مریض علاج سے محروم رہے۔
پشاور کے تین بڑے ہسپتالوں لیڈی ریڈنگ، حیات آباد میڈیکل کمپلیکس اور کے ٹی ایچ میں او پی ڈی کی بندش سے 25 ہزار کے قریب آپریشنز بھی نہ ہوسکے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت سرکاری ہسپتالوں کی او پی ڈی کھول کر مسائل سے چھٹکارا دلائے۔
لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں یومیہ 5 ہزار مریضوں کی او پی ڈی ہوتی تھی، خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں روزانہ چار ہزار اورحیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں ساڑھے تین ہزار تک مریضوں کا علاج کیا جاتا تھا۔ ایل آر ایچ حکام کا کہنا ہے کہ عید الاضحی کے بعد او پی ڈیز کو کھولنے پرغور جاری ہے۔
حکومت کی جانب سے ہسپتالوں کو نئے قواعد وضوابط کے مطابق جلد از جلد او پی ڈی کھولنے کی ہدایات بھی جاری کی جاچکی ہیں تاہم اس حوالے سے تاحال عملی اقدامات نہیں اٹھائے جاسکے ہیں۔