ریاض: (ویب ڈیسک) مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام 9 ذی الحجہ کو حج کے رکن اعظم یومِ عرفہ اور 10 کو عید الاضحیٰ کے دن کرونا وائرس کی وَبا پھیلنے کے خطرے کے پیش نظر عام عبادت گزاروں کے لیے بند رہے گی۔
مسجد الحرام کی حج سکیورٹی کے نائب کمانڈر میجر جنرل محمد بن واصل الاحمدی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مسجد الحرام اور اس کے بیرونی صحنوں میں نمازوں کی معطلی بدستور جاری رہے گی اور ہم مکہ مکرمہ کے مکینوں کو یہ دعوت دیتے ہیں کہ وہ یومِ عرفہ پر روزہ اپنے گھروں ہی میں افطار کریں۔
یومِ عرفہ حج کا دوسرا دن شمار ہوتا ہے اور اس روز حجاج کرام میدانِ عرفات میں قیام کرتے ہیں۔ دسویں ذی الحجہ کو حجاج کرام شیطان کو کنکریاں مارنے کے بعد اللہ کی راہ میں جانور قربان کرتے ہیں جبکہ دوسرے مسلمان عید الاضحیٰ کی نماز ادا کرتے اور اس کے بعد اپنے جانور قربان کرتے ہیں۔
میجر جنرل محمد بن واصل الاحمدی نے بتایا ہے کہ آئندہ حج کے لیے منصوبہ بندی کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے۔ حفاظتی احتیاطی تدابیر کے تحت کعبۃ اللہ کے طواف اور صفا اورمروہ کے درمیان سعی کے راستوں کا تعیّن کر دیا گیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ صرف کسی سرکاری اہلکاروں کے ساتھ آنے والے افراد کو مسجد الحرام کے احاطے میں داخلے کی اجازت ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سال ہم نے غیر معمولی حالات کے پیش نظر صحت کے پہلو پر بنیادی توجہ مرکوز کی ہے، حج کی منصوبہ بندی کے باقی مراحل پر آئندہ دنوں میں عمل درآمد کیا جائے گا۔