لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ہی ملک مضبوط اور خوشحال ہوگا، حکومت کی تمام تر توجہ ملک کو طویل مدتی استحکام دینے پر مرکوز ہے۔
گورنر پنجاب سے تحریک انصاف کے رہنما شبیر سیال اور دیگر نے ملاقات کی جس میں ملکی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر چودھری سرور کا کہنا تھا کہ ماضی کی ناکام معاشی پالیسوں کے نتائج قوم آج بھی بھگت رہی ہے۔ انہوں نے کہا اداروں کی مضبوطی کے لئے موجودہ حکومت عملی اقدامات کر رہی ہے، اداروں میں شفافیت اور استحکام پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔
چودھری سرور نے کہا حکومتی پالیسیوں کا محور غریب طبقے کی فلاح و بہبود ہے، تعمیرات کے شعبے میں حکومت نے ملکی تاریخ کا بہترین پیکج دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کورونا کی وبا کا پھیلاو روکنا ہم سب کے اجتماعی اختیار میں ہے، کورونا کو بے قابو ہونے سے بچانے کیلئے ایس او پیز پرعمل ضروری ہے۔