لاہور: (دنیا نیوز) فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی حکومت گرانے کی خواہش تین سال تک پوری نہیں ہوگی، احسن اقبال نیب کے چکر لگا لگا کر ذہنی توازن کھو بیٹھے ہیں۔
وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا 50 کے قریب لیگی ارکان کے حکومت کے ساتھ رابطوں نے لیگی رہنماؤں کی نیندیں اڑا دی ہیں، بقیہ ارکان کو متنفر ہونے سے بچانے کے لیے احسن اقبال پی ٹی آئی کے ارکان سے متعلق بیانات دے رہے ہیں، غیر متحدہ اور غیر منظم اپوزیشن جماعتیں عوامی اعتماد پر قائم پی ٹی آئی حکومت نہیں گرا سکتیں۔
فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کئی سالوں تک معیشت کا بیڑہ غرق کرنے کے بعد ن لیگی رہنما حکومت کو معیشت پر بھاشن دے رہے ہیں، آج معتبر بین الاقوامی معاشی ادارے پاکستان کے معاشی انڈیکیٹرز کی بہتری کا اعتراف کر رہے ہیں۔