لاہور: (دنیا نیوز) اپوزیشن کو ایک پیج پر لانے کا مشن، پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری متحرک ہوگئے۔ بلاول بھٹو آج شام چار بجے مولانا فضل الرحمان جبکہ 6 بجے جاتی امراء میں شہباز شریف سے ملاقات کریں گے۔
خیال رہے گزشتہ روز شہباز شریف نے عیدالاضحیٰ کے بعد آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا اعلان کیا۔ آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) بلانے کا فیصلہ مولانا فضل الرحمان اور شہباز شریف کی ملاقات میں کیا گیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا عید کے بعد آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے گی جس میں شریک تمام جماعتیں مکمل پروگرام پیش کریں گی، حکومت سے جان چھڑانا اولین ضرورت ہے، دو سالوں میں مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہے، پٹرول کی قیمت میں اضافہ بدترین گورننس کی مثال ہے۔
قائد حزب اختلاف نے کہا سرکاری آٹا کھانے کے قابل نہیں، لوگ مہنگا آٹا لینے پر مجبور ہیں، گندم کی قلت ہر طرف نظر آ رہی ہے جبکہ چینی کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، حکومت ہر حوالے سے ناکام ہو چکی ہے، حکومت نے عام آدمی کوریلیف نہیں دیا۔