لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی ہی پنجاب کے عوام کے مسائل کو حل کرسکتی ہے۔ پی پی پنجاب کے رہنما بزدار حکومت کی نااہلیوں کو عوام میں اجاگر کریں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں بلاول ہاؤس میں اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں پی پی پی اراکین پنجاب کابینہ، اراکین صوبائی اسمبلی، پارٹی کے مختلف ذیلی ونگز کے سربراہان نے شرکت کی۔
اجلاس میں سینئر رہنما اعتزاز احسن، قمر زمان کائرہ، اسلم گِل، چودھری منظور، حسن مرتضیٰ اور عثمان سلیم ملک نے بھی شرکت کی۔اجلاس کے دوران صوبے کی سیاسی صورت حال پر غور کیا گیا۔
اجلاس کے شرکاء نے اپوزیشن کو متحد کرنے کے حوالے سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی کاوشوں کو سراہا جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی کو پنجاب بھر میں سیاسی طور پر مزید فعال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بلاول بھٹو نے پی پی پنجاب کے رہنماؤں کو بزدار حکومت کی نااہلیوں کو عوام میں اجاگر کرنے کا ٹاسک دے دیا
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی پنجاب کے کارکنان گھر گھر جاکر عوام کو پی ٹی آئی حکومت کی نااہلیوں سے آگاہ کریں، پنجاب میں تحریک انصاف حکومت عوامی مسائل کے حل میں ناکام ہوچکی ہے۔
بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وباء کے دنوں میں شعبہ صحت میں پنجاب حکومت کی ناکامی نے عوام کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالا، پیپلزپارٹی ہی پنجاب کے عوام کے مسائل کو حل کرسکتی ہے۔
پیپلز پارٹی ے چیئر مین کا کہنا تھا کہ وفاق میں پی ٹی آئی حکومت کو پنجاب کے 483 ارب روپوں پر ڈاکا ڈالنے نہیں دیں گے، عمران خان کے مطابق اگر پنجاب میں کرپشن ختم نہیں ہوئی تو یہ کرپشن کون کررہا ہے۔