سندھ میں کورونا سے صحتیاب مریضوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے: بلاول بھٹو

Last Updated On 03 July,2020 03:34 pm

لاہور: (دنیا نیوز) بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ سندھ میں کورونا سے صحتیاب مریضوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے، پی ٹی آئی کی ناکامی کی وجہ سے سندھ کو 229 ارب روپے کا نقصان ہوا، معیشت کی سست رفتاری کے باوجود ریونیو میں 5 فیصد اضافہ ہوا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ایف بی آر کی ناکامی کی وجہ سے پنجاب کو 483 ارب روپوں کا نقصان ہوا، ریونیو بورڈ نے اس سال 105 ارب روپے سے زائد کا ریونیو اکھٹا کیا۔ انہوں نے کہا سندھ میں 46 ہزار 824 افراد نے کرونا وائرس کو شکست دی، ملک کے ایک لاکھ صحت یاب مریضوں میں سندھ کا تناسب 46 فیصد ہے۔

 قبل ازیں وفاقی وزیر اسد عمر نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کراچی سمیت سندھ میں کورونا کی صورتحال بہتر نہیں، سمارٹ لاک ڈاؤن سے مریضوں کی تعداد میں کمی ہوئی، ایس او پیز پر عمل درآمد سے وبا کا پھیلاؤ کم ہوگا۔

وفاقی وزیر نے کہا ایس او پیز پر عمل درآمد سے متعلق ہر ہفتے جائزہ لیا جاتا ہے، ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے صوبوں نے بڑے پیمانے پر کارروائیاں کیں، صوبوں کو 20 ہاٹ سپاٹ ایریاز کی نشاندہی کر کے بتایا تھا۔ انہوں نے کہا ایسے ممالک بھی ہیں جہاں وبا میں کمی کے بعد دوبارہ اضافہ ہوا، امریکا میں وبا کم ہونے کے بعد دوبارہ تیزی سے پھیلی، بے احتیاطی برتی گئی تو کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

اسد عمر کا کہنا تھا وینٹی لیٹر پر جون کے وسط کی نسبت مریض کم ہیں، آپ نے عمل درآمد بہتر بنایا جس سے وبا کا پھیلاؤ کم ہوا، ایس او پیز پر عمل درآمد سے کورونا کے پھیلاؤ میں کمی آئی ہے، حفاظتی تدابیر اپنائی تو جولائی کے آخر تک تعداد 4 لاکھ سے بھی کم ہوگی۔

Advertisement