لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزبِ اختلاف شہباز شریف کا ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں بجٹ کو مکمل طور پر مسترد کرنے اور اگلے ہفتے آل پارٹیز کانفرنس بلانے پر اتفاق کیا گیا۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے چئیرمن بلاول بھٹو زرداری نے شہباز شریف کو ٹیلی فون کر کے انکی مزاج پرسی کی اور ان کی صحت سے متعلق دریافت کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے شہباز شریف کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔
دونوں رہنماؤں نے ملک کی مجموعی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا، تحریک انصاف کی جانب سے پیش کئے گئے قومی بجٹ کو مکمل طور پر مسترد کرنے پر اتفاق کیا جبکہ اگلے ہفتے آل پارٹیز کانفرنس بلانے پر بھی مشاورت کی۔
شہباز شریف نے مزاج پرسی اور نیک تمناؤں پر بلاول بھٹو زرداری کا شکریہ ادا کیا۔ قائد حزب اختلاف نے سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور بلاول بھٹو زرداری سے ان کے والد کی صحت کے حوالے سے بھی دریافت کیا۔