لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ مودی جو چاہے کر لے، کشمیریوں کی فتح نوشتہ دیوار ہے، مستقبل قریب میں بھارت کی شکست یقینی ہے۔ شہدا کی دی گئی اذان کی بازگشت سے بھارتی حکمران لرزتے رہیں گے۔
قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے شہدائے جموں وکشمیر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت غلط فہمی میں نہ رہے، مقبوضہ جموں وکشمیر مسلم اکثریتی خطہ ہے اور انشاءاللہ ہمیشہ رہے گا۔
شہباز شریف نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ سری نگر سینٹرل جیل کے باہر جام شہادت نوش کرنے والوں کا نام تاریخ میں سنہری حروف سے درج ہے۔ 22 مسلمانوں کا جان قربان کرکے اذان مکمل کرنا واضح پیغام ہے کہ انہیں شکست نہیں دی جاسکتی نہ ہی جھکایا جاسکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کے ظلم وجبر اور استبداد میں 5 اگست 2019 سے نئی شدت آئی ہے ۔عالمی برادری، اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل سے کشمیری سوال پوچھ رہے ہیں کہ انہیں انصاف کب ملے گا؟