اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ آرڈیننس سے منظور فیٹف قوانین چھ ماہ چلیں گے، حکومت اس دوران اپوزیشن سے بات کر سکتی ہے۔
دنیا نیوز کے پروگرام ‘’دنیا کامران خان کیساتھ’’ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت اور اپوزیشن میں اشتراکی عمل کا قائل ہوں۔ نیب قوانین میں تبدیلیوں کی ضرورت ہے۔ ٹیکس کے معاملات نیب کے اختیار سے نکلنا چاہیں۔
فواد چودھری نے کہا کہ اپوزیشن کے تمام تر مذاکرات کا مقصد یہ ہے کہ ان کی لیڈرشپ کے خلاف کیسز کو ختم کر دیا جائے۔ اپوزیشن چاہتی ہے کہ احتساب ختم کر دیں، لیکن ہم ایسا نہیں کر سکتے۔
یہ بھی پڑھیں: نیب مقدمات کا سامنا کرنے والے اراکین کمیٹی سے الگ ہو جائیں، فواد چودھری کی تجویز
اس سے قبل اپنے ایک بیان میں فواد چودھری نے تجویز دی تھی کہ نیب قوانین میں ترمیم کے لئے کمیٹی میں شامل وہ رہنما جن کے نیب میں کیسز چل رہے ہیں، وہ کمیٹی سے الگ ہو جائیں۔
انہوں نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ وہ تمام اراکین اسمبلی جو نیب کے مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں، اگر خود نیب کے قانون میں ترامیم کرنے بیٹھ جائینگے تو ایسی ترامیم کا کیا بھرم رہ جائیگا؟
ان کے خیال میں وہ اراکین جو نیب کے مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں، ان کو ازخود کمیٹی سے علیحدہ ہو جانا چاہیے اور پارلیمان کی عزت کا خیال رکھنا چاہیے۔