اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے بھارت کی جانب سے مزید اسلحہ خریدنے کی پالیسی پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی طاقتوں کو بھارت کی اسلحہ پالیسی کی حوصلہ شکنی کرنی چاہیئے، بھارت ہتھیاروں کا دنیا میں سب سے بڑا درآمد کنندہ بن گیا جس سے خطے میں اسلحے کی نئی دوڑ شروع ہو سکتی ہے۔
ترجمان دفترخارجہ عائشہ فاروقی کا کہنا تھا کہ بھارتی فورسزکی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جارحیت جاری ہے، بھارتی فوج نے علاقائی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایل او سی پر بھی بلا اشتعال فائرنگ کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان کشمیر میں عیدالاضحیٰ کی نماز پر پابندی کی مذمت کرتا ہے، معاملے کا اقوام متحدہ نوٹس لے کیونکہ یہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
عائشہ فاروقی نے بحیرہ ہند کو جوہری ہتھیاروں سے لیس کرنے کی بھارتی پالیسی کی مذمت کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا کہ بھارت جنوبی ایشیا میں ہتھیاروں کی دوڑ شروع کرنے کا ذمہ دار ہے، حتی کہ اب بھارت دنیا بھر میں ہتھیاروں کا سب سے بڑا درآمد کنندہ بن چکا ہے۔ پاکستان ہر قسم کی جارحیت سے نمٹنے کیلئے ہر وقت تیار ہے۔
ترجمان نے کلبھوشن کے معاملے پر کہا کہ بھارتی جاسوس کی تیسری قونصلر رسائی پر بھارت کا تاحال جواب نہیں آیا، عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کی روشنی میں پاکستان آرڈیننس لایا، ساٹھ دن میں کلبھوشن کے وکیل کیلئے بھارت نے ہائیکورٹ سے رجوع کرنا تھا، اتنا وقت گزرنے کے باوجود ایسا نہیں کیا گیا۔