اسلام آباد: (دنیا نیوز) شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت ایل او سی پر شہری آبادیوں کو نشانہ بنا رہا ہے، انڈیا کی طرف سے ہمیشہ دہرا معیار سامنے آیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا عالمی میڈیا کے ایل او سی کے دورے کے حوالے سے اپنے بیان میں کہنا تھا غیر ملکی میڈیا کے نمائندوں کا ایل او سی دورہ بہت اہم تھا، بھارت کی طرف سے ہمیشہ دہرا معیار سامنے آیا، پاکستان نے عالمی میڈیا کو بلایا اور کہا آکے دیکھیے، کیا بھارت آزاد اور غیرجانبدار صحافیوں کو مقبوضہ کشمیر لے جائے گا، بھارت عالمی قوانین کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے، بھارت اقوام متحدہ کے مبصرین کو محدود رکھتا ہے کہ سچ چھپا سکے۔
شاہ محمود قریشی نے بنگلادیش کے تعلقات کے حوالے سے کہا بنگلادیش کیساتھ اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں، بنگلادیش کیساتھ ماضی کی تلخیاں بھلا کر اچھا مستقبل چاہتے ہیں، ہم نے بنگلادیش میں نئے سفیر کی تعیناتی بھی کر دی۔ انہوں نے کہا بھارت کے پڑوسیوں سے تعلقات کشیدہ ہو رہے ہیں، بھارت ہندتوا سوچ کی وجہ سے دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات خراب کر رہا ہے، ایران نے بھی بھارت کو چاہ بہار منصوبے سے باہر نکال دیا، مودی سرکار کی پالیسیوں کے باعث شائننگ انڈیا کے امیج کا بیڑا غرق ہو گیا ہے۔