اسلام آباد: (دنیا نیوز) اپوزیشن نے ایف اے ٹی ایف کے ساتھ نیب بل جوڑنے کے حکومتی الزامات مسترد کر دئیے۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا حکومت ایف اے ٹی ایف کی آڑ میں نوے روز جبری لاپتہ کرنے سے متعلق خوفناک بل لائی جسے مسترد کر دیا۔
اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف کے ساتھ نیب بل جوڑنے کے حکومتی الزامات بے بنیاد ہیں، حکومت ان بلز کی آڑ میں کچھ اور کرنا چاہتی تھی۔ انہوں نے کہا اپوزیشن نے بل کیلئے 4 ترامیم دیں، حکومت نے کہا تھا 4 بل منظور کرانا چاہتے ہیں، حکومت کی خواہش تھی چاروں بل اکٹھے پاس ہوں۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا 3 بل ایف اے ٹی ایف کے مطالبات پر مبنی ہیں، حکومت کا ایک بل نیب قوانین سے متعلق ہے، انسداد دہشتگردی ترمیمی بل پر ایک اعتراض بھی دور ہوا، یہ بل مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بل سے بھی زیادہ خوفناک تھا۔
پیپلزپارٹی کی رہنما سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ حکومت سے کوئی این آر او نہیں مانگا، اپوزیشن نیب کو بھگت رہی ہے، جھگڑے کی جڑ بل میں اتفاق رائے والی ترامیم شامل نہ کرنا ہے۔ جے یو آئی ف کی شاہدہ اختر کا کہنا تھا کہ حکومت نے بلز کی منظوری کے لیے پارلیمان کے طریقہ کار کو بلڈوز کیا۔