سینیٹ سے دونوں بلز پاس ہونے پر تمام جماعتیں مبارکباد کی مستحق: شاہ محمود

Last Updated On 30 July,2020 01:06 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آج ثابت ہوگیا ملکی مفادات کو ذاتی مفادات پر ترجیح نہیں، دونوں بلز پاس ہونے پر تمام جماعتیں مبارکباد کی مستحق ہیں، سب نے مل کر بھارت کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا، کوشش ہے گرے سے وائٹ لسٹ میں جائیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا جے یو آئی کے دوستوں نے بل کی مخالفت کی، وہ ابھی بھی فیصلے پر نظر ثانی کرسکتے ہیں، ہم سے 2 تقاضے کیے گئے جنہیں ہم نے نبھانے کی کوشش کی۔

 قبل ازیں پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما مشاہد اللہ خان کا کہنا تھا جو بات کرنیوالی ہوتی ہے حکومت اس پر خاموشی اختیار کرتی ہے، ہم مالم جبہ سمیت ہر چیز کا حساب لیں گے، 2 ٹک ٹاک سٹار وزیراعظم اور وزیر خارجہ کی کرسی پر بیٹھی نظر آتی ہیں، وزیراعظم کی کرسی پر بیٹھناعام بات ہے ؟ اس پر کوئی بات ہی نہیں کرتا۔

مشاہد اللہ نے کہا کہ وزیر خارجہ کو ٹک ٹاک سٹارز کے وزارت خارجہ میں داخلے پر ایکشن لینا چاہیئے تھا، فردوس عاشق اعوان نے ظفر مرزا کا نام لے کر کہا انہوں نے کرپشن کی، جہاں کرپشن کی لوٹ ہوئی وہاں احتساب کمیشن ہی بند کر دیا، انہوں نے احتساب نہیں کرنا۔

ادھر سینیٹ نے انسداد دہشتگردی ایکٹ ترمیمی بل اور اقوام متحدہ سلامتی کونسل ترمیمی بل 2020 منظور کرلیا۔ تمام بلوں کی شق وار منظوری دی گئی۔ مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے بل پیش کئے۔