لاہور: (دنیا نیوز) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے ہدایت کی ہے کہ ٹیچنگ ہسپتالوں، ڈی ایچ کیوز اور دیہی و بنیادی صحت مراکز میں ڈاکٹرز کی کمی کو پورا کیا جائے۔ انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کی استعداد کار کو مزید بڑھایاجائے گا۔
صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی زیرصدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقدا۔ اجلاس میں سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن بیرسٹر نبیل اعوان، سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کیپٹن (ر) محمدعثمان یونس، سپیشل سیکرٹریز سلوت سعید اور محمداجمل بھٹی، ایڈیشنل سیکرٹری (ایڈمن) عامر حسین غازی، ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر آصف طفیل، ایڈیشنل سیکرٹری احمر و دیگر افسران نے شرکت کی۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے اجلاس کے دوران ٹیچنگ ہسپتالوں، ڈی ایچ کیوز، دیہی اور بنیادی صحت مراکز میں ہیومن ریسورس، ڈاکٹرز کی اگلے گریڈ میں ترقی کیلئے پیش رفت اور نئی بھرتی بارے تجاویز کا جائزہ لیا. سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کیپٹن (ر) محمد عثمان یونس نے صوبائی وزیر صحت کو ڈی ایچ کیوز، دیہی و بنیادی صحت مراکز میں ڈاکٹروں کی خالی آسامیوں پر بھرتی اور موجودہ سٹاف کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
ڈاکٹر یاسمین راشد کا اجلاس میں کہنا تھا کہ ٹیچنگ ہسپتالوں، ڈی ایچ کیوز، دیہی و بنیادی صحت مراکز میں ڈاکٹرز کی کمی کو پورا کیا جائے۔ انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کی استعداد کار کو مزید بڑھایا جائے گا۔ ڈاکٹرز کی اگلے گریڈ میں ترقی کیلئے دفتری معاملات کو جلد نمٹایاجائے۔ ایم ایس حضرات کی تعیناتی کے دوران تجربہ، قابلیت اور شہرت پر بالکل سمجھوتہ نہیں کیا جا رہا۔ وزیراعظم صحت اقدامات کے تحت آٹھ اضلاع کے سرکاری ہسپتالوں کے حالات بہتر کئے جا رہے ہیں۔