لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ کورونا جتنا جلدی ختم ہوگا ملک کیلئے معاشی طور پر اتنا ہی بہتر ہے، مویشی منڈیوں میں ایس او پیز پر سختی سے عمل وقت کی ضرورت ہے۔
گورنر پنجاب چودھری سرور نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا عید اور محرم میں عوام کی لاپرواہی سے کوورونا دوبارہ بے قابو ہوسکتا ہے، کورونا سے بچاؤ کیلئے عید سادگی سے منانے کے سوا کوئی آپشن نہیں، کورونا کیخلاف این ڈی ایم اے کا کردار بھی تاریخ کا حصہ رہیگا، ہم سب نے ملکر کورونا کو شکست دینی ہے احتیاطی تدابیر پر سب عمل کریں، اپوزیشن کو بھی کورونا کیخلاف جنگ میں حکومتی اداروں کا ساتھ دینا چاہیے۔
چودھری سرور کا کہنا تھا عمران خان کا کوئی ذاتی ایجنڈہ نہیں ملکی ترقی اور خوشحالی ان کا مشن ہے، ملکی تاریخ میں پہلی بار کوئی حکومت مافیا کیخلاف ایکشن لے رہی ہے، ہم اداروں کو سیاسی مداخلت سے پاک اور مضبوط بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا انشاء اللہ سی پیک پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا ضامن ثابت ہوگا، ملک کو حقیقی معنوں میں تر قی یافتہ، مضبوط ، خوشحال اور مستحکم بنانا چاہتے ہیں، تحریک انصاف کی حکومتی پالیسوں کا محور ہر شعبے میں عوام کو ریلیف دینا ہے۔