لاہور: (ویب ڈیسک) پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ نے پنجاب میں سمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران کھلے رہنے والے کاروبار کے حوالے سے فہرست جاری کر دی۔
تفصیل کے مطابق سمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران مویشی منڈیاں، یوٹیلیٹی سٹورز، دودھ، دہی، تندور اور میڈیکل سٹور کھلے رہیں گے۔ پبلک ٹرانسپورٹ، بلڈنگ میٹریل، زرعی مشینری کی دکانیں کھلی رہیں گی۔ مویشی منڈیوں میں ایس او پیز اور سیکیورٹی کے انتظامات مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
خیال رہے پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 75 ہزار 225 ہوگئی۔ مہلک وائرس نے 23 افراد کی جان لے لی، جس کے بعد اموات کی تعداد 5 ہزار 865 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 936 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 92 ہزار 279، سندھ میں ایک لاکھ 18 ہزار 824، خیبر پختونخوا میں 33 ہزار 510، بلوچستان میں 11 ہزار 624، گلگت بلتستان میں 2 ہزار 10، اسلام آباد میں 14 ہزار 938 جبکہ آزاد کشمیر میں 2 ہزار 40 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 19 لاکھ 9 ہزار 846 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 19 ہزار 610 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 2 لاکھ 42 ہزار 436 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار 217 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 23 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 5 ہزار 865 ہوگئی۔ پنجاب میں 2 ہزار 125، سندھ میں 2 ہزار 162، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 180، اسلام آباد میں 165، بلوچستان میں 136، گلگت بلتستان میں 48 اور آزاد کشمیر میں 49 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔